لندن: دنیا بھر میں پیدل چلنے والوں کے لیے زیبرا کراسنگ بنائی جاتی ہیں تاہم اکثر ڈرائیور حضرات جلدی یا کم علمی کے سبب اس کراسنگ کو نظر انداز کرتے ہوئے وہاں سے تیزی سے گاڑی نکال لے جاتے ہیں۔
تاہم حال ہی میں برطانوی دارالحکومت لندن میں اپنی نوعیت کی ایک انوکھی زیبرا کراسنگ بنائی گئی ہے۔
دو نجی کمپنیوں کے اشتراک سے بنائی جانے والی اس زیبرا کراسنگ کا مقصد موبائل فون میں ڈوبے ہوئے شہریوں کی سڑک پار کرتے ہوئے جانیں بچانا ہے جو اکثر حادثات کا شکار ہوجاتے ہیں۔
ایل ای ڈی روشنیوں کی شکل میں یہ کراسنگ پیدل چلنے والوں کے لیے سرخ رنگ روشن رکھتی ہے۔ جیسے ہی پیدل چلنے والے سڑک کنارے پہنچتے ہیں سڑک پر گاڑیوں کے آگے روشنی جل اٹھتی جس میں انہیں رکنے کی ہدایت بھی کی جاتی ہے۔
اس دوران پیدل چلنے والوں کے سامنے سبز لائٹ اور ایک زیبرا کراسنگ نمودار ہوجاتی ہے جس پر چل کر وہ باآسانی سڑک عبور کرلیتے ہیں۔ یہ زیبرا کراسنگ لوگوں کی تعداد کو دیکھتے ہوئے چوڑائی میں کم یا زیادہ بھی ہوسکتی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ کم وقت میں سڑک پار کرسکیں۔
جیسے ہی پیدل چلنے والے سڑک کی دوسری طرف پہنچ جاتے ہیں، زیبرا کراسنگ غائب ہوجاتی ہے جبکہ گاڑیوں کے لیے روشن تنبیہی لائٹ بھی بجھ جاتی ہے۔
No comments:
Post a Comment